سعودی عرب کورونا وائرس کی عالمی وبا سے متاثر ہوا اور اس دوران مسلمانوں کے لیے مقدس شہر مکہ میں غیر ملکی شہریوں کے لیے عمرے کی ادائیگی پر پابندی رہی۔ لیکن اب سات ماہ بعد سعودی حکام نے غیر ملکی مسلمانوں کو بھی مسجد الحرام میں عمرہ ادا کرنے کی اجازت دے دی ہے۔اتوار کو 10 ہزار غیر ملکی عازمین عمرہ کرنے کے لیے یہاں پہنچے۔ تین دن آئسولیشن کے بعد انھوں نے مسجد الحرام میں خانہ کعبہ کا طواف کیا۔ اس دوران بعض مسلمان عام طور پر خانہ کعبہ کو چھوتے ہیں اور حجرہ اسود کو بوسہ دیتے ہیں لیکن کووڈ 19 کی حفاظتی تدابیر میں اس پر پابندی ہے۔اکتوبر میں لوگوں کو عمرہ کرنے کی اجازت دے دی گئی لیکن اس کے ساتھ عازمین کی تعداد مقرر کی گئی تھی۔ اور اسے اب بتدریج بڑھا کر غیر ملکیوں کو بھی عمرے کی اجازت دے دی گئی ہے۔رواں سال جولائی میں صرف 10 ہزار سعودی مسلمانوں کو حج ادا کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔