انقرہ: ترکی اور شام میںآئے زلزلے میں جاں بحق ہونے والےافراد کی تعداد 34 ہزار سے تجاوز کرگئی۔غیرملکی میڈیا کے مطابق ترکی میں زلزلے سے 29 ہزار 500 سے زائد جبکہ شام میں 4 ہزار 600 سے زیادہ افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ سیکڑوں منہدم عمارتوں کے ملبے تلے دبے افراد کو زندہ نکالنے کی امیدیں معدوم ہوتی جارہی ہیں۔ زلزلے سے متاثر ہزاروں افراد شدید سردی میں کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبورہوگئے ہیں۔ زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں کھانے پینے کی اشیا کی قلت ہوگئی ہے۔ترکی کے نائب صدر نے بیان میں کہا کہ کلیس اور شانلی اورفا صوبوں میں امدادی اور تلاشی کام مکمل ہو گیا ہے جبکہ دیار بکر، عدنہ اور عثمانیہ کے علاقوں میں بھی بڑے پیمانے پر امدادی و تلاشی کاروائیاں مکمل ہو چکی ہیں۔ دونوں ممالک کے حکام نے اموات میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔