واشنگٹن: امریکی عوام ڈونالڈ ٹرمپ اور جوبائیڈن میں سے کس کو اپنا صدر چنے گی اس بات کا فیصلہ الیکشن میں ہوگا جو کل ہوگا۔ الیکشن مہم عروج پر پہنچ گئی ہے۔ نیویارک سمیت کئی ریاستوں میں جلسے اور ریلیاں جاری ہیں۔صدارتی امیدوار جوبائیڈن نے فلاڈلفیا میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ہماری زندگی کا سب سے اہم صدارتی الیکشن ہے۔ وقت آ گیا ہے کہ ڈونالڈ ٹرمپ اپنا بوریا بستر اٹھا کر گھر چلے جائیں۔ ہم ٹویٹس، غصے، نفرت، ناکامی اور غیر ذمہ داری سے تنگ آ چکے ہیں۔ عوام ایسا صدر دیکھنا چاہتے ہیں جو تنائو کی صورتحال کو کم کرے۔ ٹرمپ خود کو سخت گیر قرار دیتے ہیں حالانکہ حقیقیت یہ ہےکہ وہ انتہائی کمزور ہیں۔ دو دن میں اس صدارت کا خاتمہ ممکن ہے جو ملک کا تحفظ کرنے میں ناکام رہی۔ وقت آ گیا ہے کہ قوم کی زندگی میں نئی روح پھونکی جائے۔