نلگنڈہ :نلگنڈہ کے مرکزی دینی ادارہ دارالعلوم نلگنڈہ میں 25 طلبہ کے حفظ قرآن کی تکمیل کے موقع سے ایک عظیم الشان جلسہ عام بعنوان “قرآن مجید کا آفاقی پیغام امت مسلمہ کے نام” منعقد ہوا جس کی صدارت جمال دکن حضرت مولانا شاہ جمال الرحمن مفتاحی نے کی،مہمانان خصوصی میں رکن مسلم آل انڈیا پرسنل بورڈ خطیب بے باک حضرت مولانا ابو طالب رحمانی نے اپنے کلیدی خطاب کے دوران مدارس کی اہمیت و افادیت سیر حاصل گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان مدارس نے ہمیشہ دین و ایمان اور وطن کے محافظ سپاہی پیدا کئے،انہوں نے کہا کہ مدارس نے بھارت کے علاوہ امریکہ کو بھی صدر دیا ہے،انہوں نے کہا کہ آج بھی اگر بھارت کی چین یا پاکستان سے جنگ ہوگی تو سپاہیوں کے ساتھ یہ مدارس کے فضلاء وطن عزیز کی حفاظت میں سر بکف سر بلند ہنستے ہنستے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کردیں گے،امت کے ان نازک حالات میں سامعین کو جھنجوڑتے ہوئے مولانا نےکہا کہ ہم اگر آج بھی اسلام کی سر بلندی چاہتے ہیں تو تین کام کریں اطاعت اللہ و رسول کی اور خدمت مخلوق خدا کی اگر امت آج بھی رسول اللہ کی اظہار نبوت سے پہلے والے اعمال بلا تفریق مذہب و ملت صلہ رحمی کرنا،بھوکوں کو کھانا کھلانا،ننگوں کو کپڑا پہنانا،بھٹکوں کو راستہ دکھانا کرلیں تو وہ دن دور نہیں کہ لوگ جوق در جوق اسلام میں داخل ہوں گے،مہمان خصوصی حضرت مولانا مفتی طاہر استاذ حدیث جامعہ مظایر علوم نے 25 خوش نصیب طلبہ کا ختم قرآن کروایا اور قرآن مجید کی اہمیت پر بصیر افروز خطاب فرمایا اور ہدایت دی کہ ہم اپنے بچوں کو عصری علوم پڑھانے سے پہلے قرآن کا حافظ بنائیں،حضرت صدر جلسہ نے اپنے صدارتی خطاب میں عوام کو اصلاح نفس کی ترغیب دلائی،قبل ازیں جلسہ کا آغاز حافظ عنایت علی کی قرأت کلام پاک سے ہوا اور قاری عبدالملک و حافظ فضل الرحمن نے ہدیہ نعت پیش کی،مولانا احمد عبداللہ طیب صاحب و مولانا عبدالقادر صاحب کے بھی ایمان افروزخطابات ہوئے،مولانا سید اکبر مفتاحی ناظم مجلس علمیہ نے نگرانی فرمائی،مولانا عبدالرحمن قاسمی نے نظامت کے فرائض انجام دیے،داعی جلسہ مولانا شاہ سید احسان الدین قاسمی ناظم دار العلوم نلگنڈہ نے آنے والے مہمانوں اور عوام الناس سے اظہار تشکر کیا،حضرت صدر جلسہ کی دعاء پر جلسہ کا اختتام عمل میں آیا،اس اجلاس عام میں اساتذہ،ابنائے قدیم دارالعلوم کے علاوہ عوام الناس کی تا حد نگاہ کثیر تعداد نے شرکت کی جس سے تاریخ ساز جلسہ کا انعقاد عمل میں آیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *