حیدرآباد : تلنگانہ حکومت نے یکم ستمبر سے تعلیمی ادارے دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے حصے کے طور پر وہ تعلیمی نظام کو بحال کرنے کے عمل میں مصروف ہیں جو کہ کورونا کی وجہ سے مکمل طور پر تباہ ہوگیا تھا۔ حکومت اس سلسلے میں پہلے ہی باضابطہ احکامات جاری کر چکی ہے۔ اس پس منظر میں تلنگانہ کی وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی اور پنچایت راج کے وزیر ایرابیلی دیاکر راؤ نے ضلع کلکٹروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کی۔اسکولوں کی بحالی کے بارے میں وزیر تعلیم سبیتا اندراریڈی نے کہا یکم ستمبر سے شخصی حاضری لازمی ہے اور آن لائن کلاسوں کا کوئی انتظام نہیں ہوگا وزیرتعلیم نے متنبہ کیا کہ خانگی تعلیمی ادارے جی او نمبر 46 کے مطابق صرف فیس وصول کریں۔ وزیر نے وضاحت کی کہ والدین اپنے بچوں کوا سکول بھیجنے کے لیے بھی تیار ہیں۔ وزیر نے کہا اسکولوں کی کشادگی کا فیصلہ کورونا کے حالات کا جائزہ لینے کے بعد لیا گیا ہے۔