حیدرآباد: دھرانی پورٹل کا سنٹرل کنٹرول روم ویب سائٹ پر کام کرنے کے دوران درپیش پریشانیوں کے فوری حل کے لئے ایک اہم بازو ثابت ہوا ہے۔ آئی ٹی کے پیشہ ور افراد کے ساتھ آئی ٹی اور ریونیو دونوں محکموں کے عہدیداروں پر مشتمل ایک 100 رکنی ٹیم ریاست میں منڈل ریونیو آفیسرز اور سب رجسٹراروں کے 570 دفاتر میں زمینی سطح کے عملے کی مدد کے لئے دن میں 15 گھنٹے کام کر رہی ہے۔ جس سے بغیر کسی پریشانی کے زرعی اراضی کا لین دین کا کام ہو سکے۔
بی آر کے آر بھون کی دسویں منزل پر ملازمین کے مابین کسی بھی قسم کی رکاوٹ کے بغیر اوپن آفس فارمیٹ میں وار روم قائم کیا گیا ہے۔ جنگی بنیادوں پر ان کے نوٹس میں لائے جانے والے معاملات کو حل کرنے کے لئے تمام ملازمین کو تیز رفتار انٹرنیٹ رابطے کے ساتھ لیپ ٹاپ فراہم کیے گئے ہیں۔
چیف سکریٹری سومش کمار کے ساتھ انسپکٹر جنرل آف اسٹیمپس اینڈ رجسٹریشنز وی شیشادری اور دیگر اعلی عہدیدار دھرانی پورٹل کے کام کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہے ہیں۔ چیف سکریٹری پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ دھرانی کارروائیوں کو ہموار کرنے کے بعد فیلڈ عملے کی مدد کے لئے جلد ہی تمام 33 اضلاع میں الگ الگ ٹکنیکی ٹیمیں تعینات کی جائیں گی جو معاملات کو فوری طور پر حل کریں گے