حیدرآباد: چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ریاست میں زرعی اراضی کا ڈیجیٹل سروے شروع کریں تاکہ جغرافیائی نقاط سے اپنی حدود طے کریں۔ اس کے مطابق 11 جون کو ریاست کے 27 منتخب دیہات میں ایک پائلٹ پروجیکٹ لانچ کیا جائے گا جس میں وزیر اعلی کے گجویل اسمبلی حلقہ کے تین دیہات بھی شامل ہیں۔
بدھ کے دن پراگتی بھون میں منعقدہ ڈیجیٹل سروے ایجنسیوں کے نمائندوں کے ساتھ ایک اجاس میں وزیر اعلی نے زرعی اراضی کے ڈیجیٹل سروے کے لئے طریق کار پر تبادلہ خیال کیا اور اس کا مقصد اپنے اراضی کے مالکان کے حقوق کے تحفظ کے لئے اراضی کے ریکارڈ کو مستحکم کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں غریبوں کے اراضی کے حقوق کے تحفظ کے لئے دھرنی پورٹل شروع کیا گیا تھا اور ڈیجیٹل سروے اس مقصد کا حصہ ہے کہ آئندہ نسلوں کے لئے زمینی تنازعات کے بغیر تلنگانہ ریاست کی تعمیر کی جائے۔